لاہور (نمائندہ خصوصی) احتساب عدالت نے وزیر اعظم شہباز شریف ، انکے صاحبزادے حمزہ شہباز و دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت 10مئی تک ملتوی کر دی ۔ لاہور کی احتساب عدالت کے جج قمر الزمان نے منی لانڈرنگ ریفرنس پر سماعت کی۔وزیر اعظم شہباز شریف کی جگہ پیشی کے لیے ان کے پلیڈر انوار حسین پیش ہوئے۔سابق وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کے وکیل نے حاضری معافی کی درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ حمزہ شہباز کمر کی تکلیف کے باعث پیش نہیں ہو سکتے، ڈاکٹر نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت حمزہ شہباز کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرے۔عدالت نے حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔عدالت نے شریک ملزمان سلمان شہباز اور ہارون یوسف سے متعلق سپلیمنٹری رپورٹ پیش کرنے پر نیب نے سپلیمنٹری رپورت پیش کرنے کے لیے ایک ہفتے کی مہلت مانگی۔عدالت نے شریک ملزمان سلمان شہباز اور ہارون یوسف سے متعلق سپلیمنٹری رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت 10 مئی تک ملتوی کر دی۔احتساب عدالت نے وزیر اعظم شہباز شریف کو حاضری سے مستقل استثنیٰ دے رکھا ہے۔ریفرنس میں شہباز شریف، حمزہ شہباز سمیت ٹوٹل 16ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔نیب ریفرنس میں شہباز شریف، حمزہ شہباز، سلمان شہباز، رابعہ شہباز اور نصرت شہباز کو فریق بنایا گیا تھا۔