اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں، نوجوان قوم کے معمار ہیں، قومیں نوجوانوں سے بنتی ہیں، آئین ہمیں متحد رکھتا ہے، ملک کا نظام آئین کے مطابق ہی چلتا ہے، آئین سازوں نے معاشرے کی ضروریات کو پیش نظر رکھ کر آئین تشکیل دیا، آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی منانے کا مقصد نوجوان طبقہ کو آئین سے آگاہی فراہم کرنا ہے، آئین کی بالادستی سے جمہوری روایات مستحکم ہوتی ہیں، آئین کے تحت ملک میں بسنے والی تمام اقوام کو ہر طرح کی آزادی حاصل ہے۔ وہ بدھ کو یہاں آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی تقریبات کے سلسلہ میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام انٹر یونیورسٹی بائی لنگوﺅل ڈیکلی میشن کم پیٹیشن کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں، کسی بھی قوم کے معمار نوجوان ہی ہوتے ہیں اور خاندان بھی نوجوانوں سے تشکیل پاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے سپیکر اور چیئرمین سینٹ نے آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی کی تقریبات کے انعقاد کا فیصلہ کیا جو انتہائی احسن اقدام ہے، آئین ہماری بنیادی دستاویز ہے جس میں پاکستان میں رہنے والے ہر فرد کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا ہے۔ وزیر قانون نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد پہلے 50سالوں میں کئی سیاہ ادوار اور دو مارشل لا بھی آئے، ان 50 سالوں کے دوران آئین بننے سے قبل ہی ہمارا ملک دولخت ہو گیا،ہم نے دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ لڑی ہے، قوم کو ایک لڑی میں پرو کر رکھنے والا ہمارا آئین ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین بنانے والوں نے ملک کی جغرافیائی، دینی، سیاسی، سماجی اور لسانی صورتحال کو پیش نظر رکھ کر آئین تشکیل دیا، برطانیہ کا آئین تحریری صورت میں نہیں ہے تاہم روایات پر مبنی ہے، ہمارے آئین سازوں نے ایک بہترین آئین تیار کیا جو ہماری زندگیوں کے مطابق ہے۔ سینیٹراعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آئین پاکستان کا ابتدائیہ پورے آئین کا ایک جامع خلاصہ ہے جو ہمارے آئین کا دل ہے اور اس پورے آئین کو چلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آئین میں اقلیتوں کو ہر طرح کی مکمل آزادی حاصل ہے، آئین نہ صرف مذہب بلکہ ان کی ثقافت کو بھی تحفظ دیتا ہے، اسی طرح بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کو بھی آئین پاکستان میں یقینی بنایا گیا ہے، آئین کا آرٹیکل 4 شخصی آزادیوں کا جامع اور مکمل احاطہ کرتا ہے جو نہ صرف پاکستانیوں بلکہ پاکستان میں رہنے والے ہر فرد کو تحفظ فراہم کرتا ہے، یہ ہمارے آئین کی خوبصورتی اور پوشیدہ راز ہی ہیں کہ چار صوبوں اور 6 مختلف زبانیں بولنے والوں کو ایک لڑی میں پرو کر رکھا ہے۔