اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے بدھ کے روز سپریم کورٹ میں ججز کی خالی اسامیوں کے حوالے سے چیف جسٹس اور جوڈیشل کمیشن کے ارکان کو ایک اور خط لکھ دیا ہے ،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے چیف جسٹس اور جوڈیشل کمیشن اراکین کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ میں 2 ججز کی اسامیاں 19 ماہ سے خالی ہیں، گرمیوں کی چھٹیوں سے پہلے اجلاس بلا کر ججز کی تقرری کا عمل شروع کیا جائے۔خط میں مزید کہاگیا ہے کہ سپریم کورٹ میں اس وقت 53 ہزار مقدمات زیر التواءہیں اور 2 ججز کی آسامیاں 19 ماہ سے خالی ہیں، اپنی آئینی ذمہ داری سمجھتے ہوئے سندھ اور پشاور ہائیکورٹس کے چیف جسٹس کے نام سپریم کورٹ کیلئے تجویز کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ جسٹس احمد علی شیخ سپریم کورٹ میں سندھ کی واحد نمائندگی ہوں گے، تجویز کردہ دونوں ججز چند ماہ میں ریٹائر ہوجائیں گے، اس لئے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس جلد بلایا جائے۔