کراچی (نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر و صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ مردم شماری میں مسائل پر سب سے زیادہ آواز پیپلزپارٹی نے اٹھائی ہے، پی ٹی آئی، جماعت اسلامی، ایم کیو ایم، کو سندھ میں مردم شماری پر اعتراض ایسے ہیں جیسے مردم شماری صرف سندھ میں ہی ہورہی ہے،جماعت اسلامی کراچی کا امیر حافظ نعیم الرحمان نیا الطاف بننے کی کوشش کررہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ شب لیاری میں سابق صوبائی وزیر جاوید ناگوری کے بھائی شہید اکبر ناگوری کی آٹھویں برسی کی تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے پیپلزپارٹی سندھ کے صدر سینیٹر نثار احمد کھوڑو، جنرل سیکرٹری سینیٹر وقار مہدی، جاوید ناگوری و دیگر نے خطاب کیا جبکہ برسی کی تقریب میں ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری کراچی ڈویژن محمد آصف خان، شکیل چوہدری، نائب صدر مرزا مقبول، سردار خان ساﺅتھ کے صدر خلیل ہوت، سینیٹر یوسف بلوچ، ملیر کے صدر سلمان مراد، اسلم سموں، فیصل ایدھی, پیپلز یوتھ کے صدر راشد خاضخیلی، پیپلز اسٹوڈنس فیڈریشن کے صدر مدنی رضا، ذوالفقار قائمخانی، فرید انصاری، شہزاد ناتھا، یوسف گھانچی تمام ذیلی ونگز کے عہدیداروں، خواتین اور دیگر پارٹی قائدین اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ ایک شخص اس وقت جو عوام کی بے عزتی کر رہا ہے۔ پنجاب اسمبلی اور کے پی اسمبلی کو ختم کرتا ہے۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں نے بھی مارشل لا دور کی طرح عوام کے ووٹ کی توہین کی ہے، نثار کھوڑو نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پورے ملک میں ایک ساتھ الیکشن ہوں۔ 90 دن سے اوپر ہوگئے جوڈیشیری کہہ رہی ہے کہ الیکشن ہو۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ جوڈیشیری سے میری اپیل ہے ملک میں ایک دن الیکشن کرانے میں کردار ادا کرے ۔کیونکہ پاکستان میں دو بار الیکشن ہوگئے تو یہ روایت بن جائے گی۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ الیکشن کروانا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔ عمران خان نے اسمبلیوں سے استعفے دیے یہ ملک دشمن ہے ۔ نثار کھوڑو نے مزید کہا کہ عمران کی بدزبانی کے باوجود یہ وہ مانے کہ بڑا دل کرکے آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور دیگر جماعتوں کے بڑوں نے ملک کی خاطر مذاکرات کیے ہیں، تاکہ ملک میں ایک دن الیکشن ہو اس کے لیے مذاکرات کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ مردم شماری میں مسائل پر سب سے زیادہ آواز پیپلزپارٹی نے اٹھائی یے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ نے 2017کی مردم شماری پر اعتراض کیا جبکہ ایم کیو ایم کابینہ میں شامل تھی اور مردم شمارءکے نتائج پر دستخط کیے اس کے برعکس پیپلز پارٹی نے مخالفت کی تھی۔ سعید غنی نے کہا کہ پی ٹی آئی، جماعت اسلامی، ایم کیو ایم، کو سندھ میں مردم شماری پر اعتراض ایسے ہیں جیسے صرف سندھ میں ہورہی ہے۔ میں ان سے پوچھتا ہوں کہ کیا خیبر پختون خواہ،بلوچستان اور پنجاب میں مردم شماری نہیں ہورہی، سعید غنی نے کہا کہ ان کو معلوم نہیں کہ بلوچستان کی آبادی 45 فیصد بڑھی ہے جبکہ کوئٹہ میں کم ہوئی ہے، اسی طرح لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد کی آبادی کم ہوئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سعید غنی نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کا امیر حافظ نعیم الرحمان نیا الطاف بنتے کی کوشش کررہا ہے، اگر جماعت اسلامی مذہبی جماعت سے ہٹ کر کراچی میں نسلی جماعت بنانا چاہتی ہے تو اسکا اعلان کردے۔