اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیر مذہبی امور سینیٹرمحمد طلحہ محمود سے منگل کو وزارت مذہبی میں فلسطینی رکن قومی اسمبلی مامون اسعد تمیمی نے ملاقات کی۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاستی اور عوامی سطح پر فلسطینی عوام کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔مسئلہ فلسطین پر پاکستانی ریاست کا موقف غیر متزلزل اور دو ٹوک ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں مسجد اقصی کے تقدس کی پامالی اور نہتے نمازیوں پر تشدد کی مہذب دنیا میں مثال نہیں ملتی،اقوام عالم فلسطینی عوام پر جاری مظالم کے خلاف آواز بلند کرے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ لبنان میں موجود فلسطینی کیمپ کا دورہ کر چکے ہیں۔اپنے اسلامی بھائی بہنوں سے یکجہتی کیلئے فلسطین جانا چاہتا تھا مگر اسرائیلی بارڈر پر روک دیا گیا۔پاکستان میں فلسطینی بھائیوں سے یکجہتی کے ہر پروگرام میں خصوصیت سے شریک ہوتا ہوں۔ماہ رمضان میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے مسجد اقصی کے تقدس کی پامالی نمازیوں پر تشدد کی واقعات پر بات چیت کی گئی۔ فلسطینی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ فلسطینی مائیں بہنیں مدد کیلئے امت مسلمہ کی جانب دیکھ رہی ہیں۔ پاکستان کی وجہ سے مسئلہ فلسطین دنیا بھر میں اجاگر ہے۔ سفارتی اور اخلاقی حمایت پر پاکستانی عوام اور حکومت کے شکر گزار ہیں۔