اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)دفتر خارجہ نے سوڈان میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلا کا آپریشن مکمل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ زدہ افریقی ملک سے ایک ہزار سے زائد پاکستانیوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سوڈان میں پاکستان کے سفیر میر بہروز ریگی کی قیادت میں پاکستانیوں کے انخلاکے عمل میں سعودی عرب اور چین کی مدد کے ساتھ ساتھ جدہ اور اسلام آباد میں موجود ہماری ٹیموں کا تعاون بھی حاصل رہا جس کے نتیجے میں ہم نے کامیابی سے بحفاظت ایک ہزار سے زائد پاکستانیوں کو سوڈان سے نکال لیا۔بیان میں کہا گیا کہ اس کے ساتھ ہی سوڈان سے ہمارے انخلا کی کارروائیاں ختم ہوگئی ہیں، آخری پاکستانی کی بحفاظت واپسی تک جدہ کے راستے انخلا کا عمل جاری رہے گا۔سیکرٹری خارجہ اسد مجید خان نے ایک علیحدہ ٹویٹ میں بتایا کہ سوڈان سے نکالے گئے پاکستانیوں کی تعداد ایک ہزار 25 ہے۔انہوں نے کہا کہ جدہ سے وطن واپسی کا سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک آخری پاکستانی کو واپس نہیں لایا جاتا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر برائے بیرون ملک مقیم پاکستانی و ترقی انسانی وسائل ساجد حسین طوری نے کہا تھا کہ سوڈان سے پاکستانی شہریوں کو وطن واپس لانے کے تمام اخراجات حکومت برداشت کررہی ہے۔