اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ملک سے اسمگلنگ کے ناسور کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھونگا،چند کالی بھیڑوں کو ملک کے زرِ مبادلہ اور پاکستانیوں کے حق پر ہر گز ڈاکہ ڈالنے نہیں دونگا،حکومت آئندہ برس گندم کی رواں سال سے بھی ذیادہ پیداوار کیلئے منصوبہ بندی کر رہی ہے،اسمگلروں کو ہر گز اس ملک کے عوام کیلئے مشکلات پیدا کرنے نہیں دونگا،اسمگلنگ میں ملوث کسی بھی فرد کو نہ چھوڑا جائے ،وزیرِ داخلہ صوبائی انتظامیہ کے ساتھ مل کر متعلقہ افسران کی کارکردگی کی جائزہ رپورٹ پیش کریںجبکہ وزیرِ اعظم نے اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے اسٹیئرنگ کمیٹی قائم کر دی،وزیرِ اعظم اسٹیئرنگ کمیٹی کی خود صدارت کریں گے۔ منگل کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملک سے گندم، یوریا اور چینی کی اسمگلنگ کی روک تھام پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں وفاقی وزراءرانا ثناءاللہ، سید مرتضی محمود، طارق بشیر چیمہ، مشیرِ وزیرِ اعظم احد خان چیمہ، حساس اداروں کے سربراہان، متعلقہ اعلی حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔اجلاس کو ملک کے سرحدی اضلاع اور صوبائی سرحدوں پر جاری انسدادِ اسمگلنگ کاروائیوں کے بارے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ بلوچستان کے سرحدی اضلاع میں ایف بی آر اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ چیک پوسٹوں کی تعداد کو بڑھا کر 10 کر دیا گیا ہے جبکہ جوائنٹ پیٹرولنگ کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا. اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران خضدار سے 6 ہزار ٹن سے ذیادہ اسمگلنگ کی اشیاءقانون نافذ کرنے والے اداروں نے اپنی تحویل میں لی ہیں. صرف گزشتہ ہفتے میں ہی آپریشن کے دوران ضبط کی جانے والی اشیاءکی مقدار 4342 ٹن ہے جو ٹرکوں کے قافلوں اور گوداموں میں اسمگلنگ کی نیت سے موجود تھی. اجلاس کو حساس اداروں کی نشاندہی پر اسمگلنگ میں سہولت کاری فراہم کرنے والے افسران کی بر طرفی اور شہرت یافتہ افسران کی تعیناتی کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔وزیر اعظم نے اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے قانون نافذ کرنے والے اور حساس اداروں کے اہلکاروں کی کوششوں کو سراہا۔وزیراعظم نے کہاکہ ملک سے اسمگلنگ کے ناسور کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھونگا۔ انہوںنے کہاکہ چند کالی بھیڑوں کو ملک کے زرِ مبادلہ اور پاکستانیوں کے حق پر ہر گز ڈاکہ ڈالنے نہیں دونگا۔ انہوںنے کہاکہ اللہ رب العزت کے کرم اور حکومت کی کوششوں سے ملک میں گندم کی گزشتہ دس برس کی نسبت سب سے ذیادہ پیداوار ہوئی۔ وزیراعظم نے کہاکہ سیلاب و بارشوں کے باوجود کسانوں کی محنت اور حکومت کی کوششوں سے بھرپور پیداوار پر اس ملک کے عوام کا حق ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ اسمگلروں کو ہر گز اس ملک کے عوام کیلئے مشکلات پیدا کرنے نہیں دونگا۔ وزیراعظم نے کہاکہ حکومت آئندہ برس گندم کی رواں سال سے بھی ذیادہ پیداوار کیلئے منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت نے کسانوں کو آئندہ فصل کیلئے یوریا کی بلاتعطل فراہمی کیلئے جامع منصوبے پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔انہوںنے کہاکہ انشاءاللہ شبانہ روز محنت سے پاکستان کو ایک مرتبہ پھر سے گندم بر آمد کرنے والا ملک بنائیں گے۔وزیرِ اعظم نے گندم، یوریا اور چینی کے اسمگلروں کے خلاف فوری و سخت کاروائی اور قرار واقعی سزا کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ اسمگلنگ میں ملوث کسی بھی فرد کو نہ چھوڑا جائے۔وزیرِ اعظم نے اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے اسٹیئرنگ کمیٹی قائم کر دی،وزیرِ اعظم اسٹیئرنگ کمیٹی کی خود صدارت کریں گےوزیرِ اعظم نے وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناءاللہ کو فوری طور پر خیبر پختونخوا اور بلوچستان کا دورہ کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وزیرِ داخلہ صوبائی انتظامیہ کے ساتھ مل کر متعلقہ افسران کی کارکردگی کی جائزہ رپورٹ پیش کریں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اسمگلنگ میں ملوث یا اسکی روک تھام میں س±ستی برتنے والے افسران کو برطرف کرکے محکمانہ کارروائی کی جائے۔ شہباز شریف نے کہاکہ اسمگلنگ کی کوشش کے دوران ضبط شدہ مال کی مکمل جانچ پڑتال کرکے اصل مجرموں کو عدالت کے کٹھرے میں لایا جائے۔ وزیراعظم نے کہاکہ انسدادِ اسمگلنگ عدالتوں کی تعداد اور استعداد کار کو بڑھایا جائے،انسدادِ اسمگلنگ عدالتوں میں جلد فیصلے اور کڑی سزائیں یقینی بنائی جائیں۔ انہوںنے کہاکہ اسمگلنگ کے کالے دھندے میں ملوث مل مالکان، ڈیلر اور گودام مالکان سب کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ سپارکو اسمگنلگ کی سرگرمیوں کی سیٹلائٹ نگرانی میں معاونت کرے،اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے سرگرم قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔