اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)قومی ادارہ شماریات نے ماہانہ مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کردیئے جس کے مطابق ایک سال میں سگریٹ 159.89 فیصد اور چائے 108.76 فیصد مہنگی ہوئی ۔ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق اپریل میں مہنگائی میں 2.41 فیصد کا اضافہ ہوا جس کے بعد مہنگائی کی ماہانہ شرح 36.42 فیصد کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ جولائی تا اپریل مہنگائی کی اوسط شرح 28.23 فیصد ریکارڈ کی گئی، ماہانہ بنیادوں پر شہری علاقوں میں 2 فیصد جب کہ دیہی علاقوں میں 2.97 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک ماہ میں آلو 26.88 جبکہ ایک سال میں سگریٹ 159.89 فیصد، چائے 108.76 فیصد اور آٹا 106.07 فیصد مہنگا ہوا۔اس کے علاوہ ایک سال میں چاول87 فیصد سے زائد، دال مونگ 57 فیصد، بیسن 51.17 فیصد اور مرغی کی قیمت میں 43 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔