لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پولیس نے جو طریقہ کار اپنایا وہ قابل قبول نہیں ، معاملے کے پیچھے جو بھی ہے حکام بالا اسے کیفر کردار تک پہنچائیں ، پاکستان بہت پریشانیوں میں گھرا ہوا ہے، کچھ لوگ واقعات کو غلط رنگ دے کر پاکستان میں عجیب کیفیت پیدا کرنا چاہتے ہیں،موجودہ معاشی صورتِ حال میں بڑھتی قیمتیں کنٹرول کرنے کے لیے قومی سطح پر کمیٹی تشکیل دی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ایسی بات نہیں کرنا چاہتا جس سے ملکی سطح پر معاملات مزید خراب ہوں، پاکستان بہت پریشانیوں میں گھرا ہوا ہے، کچھ لوگ واقعات کو غلط رنگ دے کر پاکستان میں عجیب کیفیت پیدا کرنا چاہتے ہیں۔میں اس رات کو پیش آنے والے واقعے پر روشنی ڈالوں گا، پولیس پرویز الٰہی کے گھر گئی تو انہیں بتایا گیا کہ پرویز الہی چوہدری شجاعت کے گھر ہیں، پولیس والے پرویز الہی کے گھر کو چھوڑ کر میرے گھر کی طرف دوڑ پڑے۔چوہدری شجاعت نے بتایا کہ پولیس میرے دروازے پر پہنچی تو دونوں بیٹے دروازے کے دوسری طرف تھے، پولیس والے آگے بڑھ رہے تھے تو میرے دونوں بیٹوں نے انہیں روکا، پولیس نے دروازہ توڑنے کی کوشش کی، دروازے کے شیشے ٹوٹ گئے، مگر دروازہ نہ ٹوٹ سکا۔انہوں نے بتایا کہ میرے دونوں بیٹے اس صورتِ حال میں زخمی ہو گئے، چوہدری سالک کے ہاتھ پر ٹانکے لگے، 2 گھنٹے کی کوشش کے بعد پولیس دروازے سے واپس گئی۔پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر نے بتایا کہ پولیس والوں سے سوال کیا گیا کہ کس کیس میں یہ سب کچھ کیا جا رہا ہے؟ پولیس نے بتایا کہ گجرات میں سڑکوں کے تعمیری ٹھیکوں میں اربوں روپے کمیشن کے الزامات ہیں، انٹرنیشنل فرم سے کمیشن کے طور پر اربوں روپے وصول کرنے کے بھی الزامات ہیں۔