کراچی (نمائندہ خصوصی)صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی مزدوروں کی جدوجہد میں ان کے شابہ بشانہ کھڑی ہے کیوں کہ پاکستان کی ترقی مزدوروں کی خوشحالی میں پنہاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر علی ہاس کراچی میں مزدوروں رہنماں کے ایک وفد سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نجمی عالمی، پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر حبیب جنیدی، واٹر بورڈ پیپلز لیبر بیورو کے صدر لیاقت مگسع، لیبر بیورو کے سیکریٹری محسن رضا سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ انھوں نے کہا ہے کہ مزدور طبقہ کسی بھی ملک یا معاشرے کی تعمیر و ترقی میں ریڑھ کی حیثیت رکھتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ آج کا دن محنت کشوں اور ان کے حقوق کو اجاگر کرنے کا دن ہے اورپیپلز پارٹی مزدوروں اور کسانوں کی جماعت ہے اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ انکے حقوق کی جدوجہد کی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی محنت کشوں کی فلاح و بہبود اور ان کی انقلابی جدوجہد کی کامیابی پر یقین رکھتی ہے اور پیپلز پارٹی ہمیشہ مزدور اور محنت کش طبقے کی بحالی اور ان کے روشن مستقبل کیلئے اقدامات کرتی رہے گی۔ انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت مزدوروں کی مزید بہتری کیلئے عملی اقدام اٹھا رہی ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ مزدوروں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی کیوں کہ ملکی تعمیر و ترقی میں محنت کشوں کا کردار کلیدی ہے۔ انھوں نے کہا کہ محنت کش نیک نیتی اور دیانت کی شاندار روایات کے امین ہیں اور صوبائی حکومت محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔ انھوں نے کہا کہ محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود کیلئے کئی اقدامات کیے ہیں اور پاکستان کی ترقی مزدور کی خوشحالی میں پنہاں ہے، پیپلزپارٹی کی جدوجہد محنت کشوں کو ان کے جائز حقوق دلانا ہے، پیپلز پارٹی اپنے منشور کے تحت مزدور دوست مشن کو آگے بڑھا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات میں کامیاب ہوکر محنت کش طبقات کی خوشحالی کیلئے اقدام اٹھائے گی۔