کراچی (نمائندہ خصوصی) پاکستان ریلوے نے گزشتہ بارشوں اور سیلاب کے بعد 27 اگست 2022 کو بند کی جانے والی شالیمار ایکسپریس کو 8 مہینے 3 دن کے بعد آج سے دوبارہ بحال کردیا ہے۔کراچی سے ٹرین کا افتتاح ڈویڑنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے کراچی اطہر ریاض نے پیر کی صبح کراچی کینٹ سے کیا۔یہ ٹرین 19 کوچز پر مشتمل ہے جس میں دو اے سی بزنس، ایک اے سی پارلر، دو اے سی اسٹینڈرڈ اور 12 اکانومی کلاس کے ساتھ ایک بریک وین، ایک پاور وین اور ایک ریستوران کوچ بھی موجود ہے۔ ٹرین میں 1198 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے۔ٹرین کے کراچی سے لاہور تک 10 اسٹاپ ہیں، ٹرین کراچی کینٹ سے روزانہ صبح 6 بجے روانہ ہونے کے بعد حیدر آباد، نوابشاہ ،روہڑی، رحیم یار خان، خانپور، بہاولپور، ملتان، ساہیوال، راﺅنڈ سے ہوتے ہوئے اسی تاریخ رات 11 بج کر 45 منٹ پر لاہور پہنچے گی۔ سفر کا ٹوٹل دورانیہ 17 گھنٹے 45 منٹ ہے۔خواجہ سعد رفیق وفاقی وزیر برائے ریلوے و شہری ہوا بازی کی خصوصی ہدایات پر اس ٹرین کے تمام کلاسز میں یکم مئی 2023 سے 15 مئی 2023 تک ٪20 فیصد رعایت اور 16 مئی 2023 سے 31 مئی 2023 تک ٪10 فیصد رعایت کا اعلان کیا گیا ہے۔ٹرین فیصل آباد کی بجائے براستہ ملتان ،ساہیوال جایا کرےگی۔موجودہ ٹرین 27 اپ شالیمار ایکسپریس میں کراچی سے 907 مسافر سفر کر رہے تھے۔