شیخوپورہ(نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان کی سیاست کا وہ ناسور ہے جس نے ہماری قومی اخلاقی و جمہوری اقدار کا جنازہ نکال کر رکھ دیا ہے ،آج عمران خان خود مکافات عمل کا شکار ہے اس نے اپنے دور اقتدارمیں جس طرح سیاسی مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے ساتھ انکی جس طرح پگڑیاں اچھالیں اسے بھی قوم آج تک نہیں بھولی، عمران خان اور تحریک انصاف کا سیاسی مستقبل تاریک ہے ،سیاستدان اپنے مسائل آپس میں بات چیت سے ہی حل کرتے ہیں مگر غیر جمہوری سوچ رکھنے والی پی ٹی آئی قیادت مذاکرات کی اہمیت سے آگاہ ہیں ،یہ جان چکے ہیں کہ اب آئندہ ملکی سیاست میں پی ٹی آئی جیسے انتشار پسند ٹولے کی کوئی جگہ نہیں یہی وجہ ہے کہ مذاکرات کرنے میں سنجیدہ نہیں ،ان کا مقصد ملک میں انتشار اور بدامنی کو ہوا دینا ہے تاکہ یہ اپنے مذموم مقاصد حاصل کرسکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق یو سی چیئرمین و نواز لیگ حلقہ پی پی 136 کے امیدوار چوہدری حاجی محمد ارشد ورک کے ساتھ ملاقات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سابق چیئرمین ضلع کونسل انجینئر رانا احمد عتیق انور، رانا ماجد نواز، رانا محمد حسیب، انعام اللہ ورک و دیگر موجود تھے، وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان کے عوام آ ج جن مسائل سے دور چار ہیں اسکے ذمہ دار عمران خان اور انکے سہولت کار ہیں عمران خان کے غلط فیصلوں کا خمیازہ آج قوم بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن قوتیں پاکستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتیں یہی وجہ ہے کہ ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ،حالیہ دہشت گردی کی لہر بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔