اسلام آباد( نمائندہ خصوصی ) وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاک فضائیہ کے ٹرانسپورٹ فلیٹ کو سوڈان میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلا کے احکامات جاری کر دیئے۔ پاک فضائیہ کا ایئربس طیارہ 149 مسافروں کو لے کر جدہ سے کراچی بحفاظت لینڈ کر گیا ہے۔ پاک فضائیہ کا سی-130 طیارہ پاکستانی مسافروں کو لے کر آج شام لینڈ کرے گا۔ پاک فضائیہ وزارت خارجہ اور سوڈان و سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانوں کے ساتھ مل کر پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے۔ پورٹ سوڈان نیو انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ریسکیو کیے گئے پاکستانیوں کو پاک فضائیہ کے ٹرانسپورٹ طیاروں کے ذریعے منتقل کیا جا رہا ہے۔ پاک فضائیہ مصیبت میں گھرے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کی بحفاظت وطن واپسی تک اپنے آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ ریسکیو کئے گئے خاندانوں نے حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور سوڈان میں تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کے درمیان بروقت ریسکیو کرنے پر پاک فضائیہ کو سراہا۔