اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ملک میں ڈیجیٹل ایکسپورٹس میں بہتری لانے کے حوالے سے اجلاس وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت ہوا جس میں آئی ٹی اور ٹیلکوم سیکٹر سے وابستہ سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا حکومت ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کو ترجیح دے رہی ہے۔ ہر شعبہ ہائے زندگی کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے منسلک کرنا ناگزیر ہوچکا ہے۔ برآمدات میں اضافہ ملکی معاشی مسائل کا واحد حل ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں ماہر نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں۔ ڈیجیٹل ایکسپورٹ میں اضافہ کے لئے نوجوانوں کو تیار کرنا ہماری ترجیح ہے۔ وژن 2025 کا روڈمیپ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا گیا۔ انہوں نے کہا 2018 کے بعد ترقی کا سفر نام نہاد تبدیلی سے روک دیا گیا۔ سیاسی استحکام کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ ہماری گزشتہ دور حکومت کے چار سالوں میں ریکارڈ 3200ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل ہوئے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے ڈیجیٹل ایکسپورٹس کے حوالے سے سفارشات پر عمل درآمد اور ہیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے سٹئیرنگ کمیٹی بنانے کی ہدایت بھی کی۔ سٹئیرنگ کمیٹی ہر ماہ سفارشات پہ عمل درآمد کا جائزہ لے گی۔