اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک بھر میں آج(جمعہ) سے بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیاہے، ادارے کے مطابق آئندہ2روز میں ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔اسلام آباد، راولپنڈی،لاہور، مری، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں بارش کاامکان ظاہر کیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے نے اپنے مراسلے میں کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں متوقع بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔کسانوں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کسان مناسب انتظام کریں، تیز ہواں، ژالہ باری سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے، بارشوں میں نقل و حرکت اور بے جا سفر پر پابندیاں لگانے کا کہا گیا ہے، ہنگامی صورتحال کے پیش نظر اہلکاروں کو دستیابی یقینی بنانے کا کہا گیاہے، طبی عملے کو بھی الرٹ رہنے کا کہاگیا ہے۔دوسری جانب چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ اربن فلڈنگ کا کوئی خطرہ نہیں ہے، سوشل میڈیا پر اس حوالے سے غلط خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔سردار سرفراز نے بارش کے سسٹم کے حوالے سے بتایا کہ مغربی ہواو¿ں کا سلسلہ بلوچستان کے راستے سندھ میں داخل ہوگا، اس وقت ہوا کا کم دبا عمان کے آس پاس موجود ہے۔چیف میٹرولوجسٹ نے کہا بلوچستان کے جنوبی ڈسٹرکٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی، اور بارشوں کا سلسلہ 28 اپریل سے 2 مئی تک جاری رہے گا۔انھوں نے کہا کہ بارشوں کا یہ سلسلہ سندھ میں بھی داخل ہوگا، اور کراچی سمیت سندھ کے بیش تر اضلاع میں کہیں تیز اور کہیں درمیانی بارش ہوگی۔ چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ ماہی گیروں کو سمندر میں جانے سے منع نہیں کیا گیا ہے۔