اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)حج ڈائریکٹوریٹ نے سندھ سے تعلق رکھنے عازمین کو مناسکِ حج کی تربیت دینے کا شیڈول جاری کر دیا ہے، تربیتی پروگرام جمعرات 27 اپریل سے شروع ہو گا۔حج ڈائریکٹوریٹ کے حکام کے مطابق عازمینِ حج کا سندھ بھر میں تربیتی پروگرام 21 روز تک جاری رہے گا۔عازمینِ حج کی تربیت کا آغاز 27 اپریل کو جامع مسجد صدر حیدر آباد سے ہوگا، 28 اپریل کو حجاج کا تربیتی کیمپ جامشورو ڈسٹرکٹ کونسل ہال میں ہو گا۔30 اپریل کو ٹنڈوالہٰیار کے عازمینِ حج کی تربیت ایلیمنٹری اسکول میں شروع ہو گی۔یکم مئی کو مٹیاری، 2 مئی کو ٹنڈو آدم، 3 مئی کو نواب شاہ میں عازمینِ حج کو تربیت دی جائے گی۔4 مئی کو سانگھڑ، 5 مئی کو میر پور خاص، 6 مئی کو عمر کوٹ جبکہ 7 مئی کو ٹنڈو محمد خان اور بدین میں حجاج کی تربیت ہو گی،کراچی میں عازمینِ حج کی تربیت 4 مئی تا 15 مئی تک شہر میں قائم مختلف سینٹرز میں ہو گی اس تربیت کے حوالے سے رواں سال حجاج کو وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع دے دی گئی ہے۔حکومت نے سعودی عرب جانے سے قبل حج کی تربیت کو لازمی قرار دیا ہے اور کہا گیا ہے کہ عازمینِ حج اپنے مقررہ وقت پر قریبی ٹریننگ سینٹر پر تربیتی پروگرام میں لازمی شرکت کریں۔حج ڈائریکٹوریٹ کے مطابق تربیتی پروگرام میں غیر حاضر ہونے کی صورت میں عازمین کو حج پر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔