اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر محمد طلحہ محمود نے کہا ہے کہ حج انتظامات کے حوالے سےوقت کم ہے اور مقابلہ سخت ہے ، توقع ہے حج انتظامات کے سلسلے میں تمام فریقین اپنی بہترین صلاحیتیں بروئے کارلائیں گے۔ جمعرات کو وزارت مذہبی امور میں حج انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے وزیر مذہبی امور سینیٹر محمد طلحہ محمود کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں سرکاری و نجی حج سکیم کے انتظامات کی پیشرفت سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔نجی حج سکیم کی نمائندہ تنظیم ہوپ کے عہدیداران اور ایئرلائنوں کے حکام نے ان سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ نجی سکیم کے حجاج کرام کی سہولت اور آسائش کو یقینی بنایا جائے۔وزارت اور متعلقہ حاجی کیمپ سرکاری و نجی سکیم کے حجاج کی رہنمائی اور خدمت کیلئے مستعد رہیں۔ انہوں نے کہا کہ حجاج ِ کرام کی حج تربیت اور انتظامی امور سے مکمل آگاہی کیلئے جامع تربیتی پروگرام منعقد کئے جائیں۔ ہوپ کے نمائندے نے اجلاس کو بتایا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے پاسپورٹ جلد از جلد بنوانے کا مسئلہ حل کروایا جائے۔ نمائندہ نجی حج سکیم ہوپ نےوزیر مذہبی امور سے سپانسرشپ سکیم میں مشکلات کم کرنے اور بینک گارنٹی میں مدد کی درخواست کی اور مطالبہ کیا کہ سعودی سفارتخانہ، جیری، اعتماد سنٹرز اور وزارتِ خارجہ کو حج آپریٹرز کے ملٹی پل ویزہ کی جلد فراہمی کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ سینیٹر محمد طلحہ محمود نے حج آپریشن میں حصہ لینے والی فضائی کمپنیوں کے نمائندوں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ایئرلائنز حجاج کیلئے بہترین فضائی سفری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حج کے تمام سٹیک ہولڈرز سے توقع ہے کہ اپنی بہترین کارکردگی اور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔