اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال کا بینچ ڈی لسٹ کر دیا گیا۔چیف جسٹس پاکستان کے بینچ میں جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس اطہر من اللّٰہ شامل تھے۔بینچ کے سامنے سماعت کے لیے مقرر تمام مقدمات بھی ڈی لسٹ کردئیے گئے۔رجسٹرار سپریم کورٹ نے مقدمات ڈی لسٹ ہونےکا نوٹیفکیشن جاری کردیا تاہم نوٹیفکیشن میں بینچ ڈی لسٹ کرنےکی وجوہات نہیں بتائی گئی ہیں۔بینچ کے سامنے بدھ کو12 مقدمات سماعت کےلئے مقرر کیے گئے تھے، سپریم کورٹ کے بینچ نمبر دو کے مقدمات کی فہرست بھی منسوخ کردی گئی ہے۔جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس شاہد وحید پر مشتمل بینچ کی کازلسٹ بھی منسوخ کردی گئی ہے۔ترجمان سپریم کورٹ کے مطابق چیف جسٹس پاکستان کی عدم دستیابی پربینچ ون کے مقدمات ڈی لسٹ کیے گئے ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ چیف جسٹس کا بینچ خرابی صحت کے باعث ڈی لسٹ ہوا، چیف جسٹس بخار، جسم درد اور فلو کا شکار ہیں ، چیف جسٹس گزشتہ روز اپنے گاوں میں تھے اور صحت یاب ہونے پردوبارہ مقدمات کی سماعت کریں گے۔