کراچی (نمائندہ خصوصی) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادر آباد پر رابطہ کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت اراکین رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سینئر ڈپٹی کنوینرز سید مصطفی کمال، ڈاکٹر فاروق ستار، نسرین جلیل، ڈپٹی کنوینرز انیس قائم خانی، عبدالوسیم، کہف الوری و اراکین رابطہ کمیٹی نے شرکت کی۔اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال سمیت مختلف تنظیمی امور پر تفصیلی غور وخوض کیا گیا اور اجلاس میں مردم شماری کے اب تک کے اعداوشمار پر شدید تحفظات کا اظہار بھی کیا گیا۔رابطہ کمیٹی نے مردم شماری پر حکمرانوں کے غیر سنجیدہ رویے کیخلاف تشویش کا اظہار کیا ہے۔ایم کیو ایم کی وفاقی وزرا سمیت متعلقہ حکام سے ملاقاتوں اور بے ضابطگیوں پر ثبوت و شواہد فراہم کرنے کے باوجود درست اعدادوشمار نہیں پیش کئے جارہے،اجلاس میں شہری سندھ خصوصا کراچی کے ساتھ مردم شماری میں ہونے والی زیادتیوں پر آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے ہیں۔ایم کیو ایم پاکستان کے آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے مزید مشاورت کے بعد عوام کو میڈیا کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔