لاہور (نمائندہ خصوصی) کچہ پولیس آپریشن کا 17 واں روز کچی لنڈ میں ٹارگٹڈ کارروائی 8 ڈاکو گرفتار اسلحہ برآمد، پولیس نے کامیاب کارروائی کے دوران عمرانی اور دلانی گینگ کے خفیہ ٹھکانے ختم کر دئیے، گرفتار ڈاکووں سے تین عدد کلاشنکوفیں، رپیٹر اور سینکڑوں گولیاں برآمد کیں، پیش قدمی جاری۔ تفصیلات کے مطابق عوام کی جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کی قیادت میں کچہ کریمینلز کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز ہوا تھا جو کہ سترہ روز سے جاری ہے جس کی نگرانی آر پی او بہاولپور رائے بابر سعید جبکہ ڈی پی او رضوان عمر گوندل قیادت کرتے ہوئے اسے کامیابی کی جانب گامزن رکھے ہوئے ہیں اس دوران اب تک تین ڈاکو ہلاک اور اٹھائیس سے زائد گرفتار ہو چکے ہیں اور پولیس نے اب تک کچہ کا نو گو ایریا سمجھا جانے والا ہزاروں ایکڑ رقبہ سرچ آپریشنز کے دوران کلیئر کروا لیا ہے اور اس دوران مختلف گینگز کے درجنوں خفیہ ٹھکانے تباہ و مسمار اور نظر آتش کئے جا چکے ہیں جہاں بیٹھ کر کچہ کریممنلز اغواءبرائے تاوان، ہنی ٹریپ و ٹریپ کا مکروہ دھندہ کرتے ہوئے ملک بھر سے شہریوں کو قید میں رکھ کر تاوان کے وصول کرنے اور اسلحہ کے ڈھیر اکھٹے کر کے ریاست و قانون کی حکمرانی کو چیلنج کر رہے تھے۔ پولیس نے کلیئر کروائے جانے والے علاقہ میں پولیس کیمپس قائم کرتے ہوئے نفری تعینات کر کے ڈاکوﺅں کی واپسی کے راستے بند کرتے ہوئے ریاست اور قانونی کی رٹ قائم کر دی ہے اور اس کا تسلسل جاری ہے جس میں پولیس نے کچی لنڈ میں کی جانے والی تازہ ترین ٹارگٹڈ کارروائی کے دوران کچہ میں رہتے ہوئے سنگین جرائم سرزد کرنے والے دلانی اور عمرانی گینگز کے ساتھ ہونے والے مقابلے میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد کچہ اندرون میں کشتیوں کے ذریعے رسائی حاصل کرتے ہوئے عمرانی اور دلانی گینگز کے آٹھ ڈاکووں کو گرفتار کر لیا ہے جن کے قبضہ سے تین عدد کلاشن کوفیں، رپیٹر اور سینکڑوں گولیاں برآمد کر لیں ہیں اور ان کے ٹھکانے ختم کرکے اپنی پیشہ وارانہ مہارت اور جرات و بہادری کا لوہا منوایا ہے۔