اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور اسلام آباد میں ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق مفتی عبدالشکور میریٹ سے سیکرٹریٹ چوک کی طرف جارہے تھے تو ہائی لکس ریوو (جس میں 5 افراد سوار تھے) نے ان کی گاڑی کو ٹکر ماری۔پولیس نے بتایا کہ مفتی عبدالشکور کو زخمی حالت میں پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی اور اس میں سوار افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کے حادثے میں جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ مفتی عبدالشکور ایک باعمل عالم، ایک نظریاتی سیاسی کارکن اور نیک انسان تھے۔
خیال رہے کہ جمعیت علمائے اسلام کے رہنما و وفاقی وزیر مفتی عبدالشکور قومی اسمبلی کے حلقے این اے 51 سے متحدہ مجلس عمل کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔