کراچی(نمائندہ خصوصی) وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ کی زیرِ صدارت سندھ کابینہ کی امورِ خزانہ کے حوالے سے زیلی کمیٹی کا ایک ایم اجلاس منگل کو محکمہ توانائی سندھ کے دفتر میں منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیر محنت و انسانی وسائل سندھ سعید غنی ، سیکریٹری صحت ذوالفقار شاہ ، سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹرین حنیف چنہ ,سیکریٹری آبپاشی سہیل قریشی، سیکریٹری ری ہیبیلیٹیشن محمد علی کھوسو، اسپشل سیکریٹری محکمہ خزانہ شہاب قمر انصاری اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر افسران موجود تھے۔اجلاس میں سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں جہاں ابھی تک پانی موجود ہے وہاں سے پانی کی نکاسی کے لئے مزید ڈی واٹرنگ پمپس کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ربیع کی فصل سے پہلے آبپاشی کے نظام کی بہتری ، سیلاب سے متاثرہ افراد اور علاقوں کے لئے ضروری ریلیف اشیا کی فراہمی اور ایس آئی یو ٹی لاڑکانہ اور بی آئی یو ٹی شہید بے نظیر اباد کے لئے جدید روبوٹک سرجری سسٹم کی خریداری کے لئے ضروری فنڈز کی فراہمی کے لئے تجاویز پیش کی گئیں جس پر معزز وزرا نے موقع پر ضروری احکامت جاری کئے۔ اجلاس میں ہدایات دی گئیں کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے پانی کی جلد از جلد نکاسی، ان علاقوں میں صحت و صفائی کے انتظامات اور قابل کاشت زمین کو جلد از جلد بیج کی بوائی کے لئے تیار کرنے کے اقدامات کئے جائیں اور اس مقصد کے لئے تمام دستیاب وسائل کام میں لائے جائیں اور درکار وسائل کا فوری اہتمام کیا جائے۔ اجلاس میں ہدایت دی گئی کہ سندھ میں آبپاشی کے نظام کو ربیع کی فصل سے قبل بہتر کردیا جائے اور اس مقصد کے لئے سندھ کابینہ کی ہدایات کے مطابق عمل کیا جائے۔ اجلاس میں سندھ کابینہ کے فیصلوں اور ہدایات پر بروقت عمل درآمد کی ہدایات دی گئیں۔