گوادر (نمائندہ خصوصی ) دوستان گوادر کے سینئیر کوآرڈینیٹر فیصل انور اور کونسل ممبر ڈاکٹر عدنان عالم نے گوادر پریس کلب میں نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے دوستان گوادر کا مقصد بیان کیا اور صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کی معاشی صورتحال کو بہتر کرنے کے لیے گوادر میں جاری سی پیک منصوبے کو جلد مکمل کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ دوستان گوادر کے پلیٹ فارم کو بنانے کا مقصد پرامن طریقے سے گوادر کی عوام کے حقوق کے لیے آواز اٹھانی ہے اور ایسے منصوبے تشکیل دینے کی راہ ہموار کرنے کی ضرورت ہے جس سے یہاں کے نوجوان تعلیم یافتہ اور ہنرمند بن سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ دوستان گوادر کا ماننا ہے کہ پاکستان کی ترقی کی کنجی کا دروازہ گوادر ہے۔ پر امن گوادر کو ترقی کی منزلوں تک پہنچنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ گوادر کی عوام کے حقوق کا تحفظ اور بنیادی ضروریات زندگی کے حصول کی جدوجہد میں دوستان گوادر اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے اور امن دشمن سازشوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ اس کیلئے مقامی سطح کے ساتھ ساتھ صوبائی اور وفاقی سطح پر بھی موثر آواز اٹھائی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کسی بھی شہر یا ملک میں جب تک امن قائم رہتا ہے اسکی ترقی کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں آسکتی۔ گوادر کے طالب علموں کے لیے شارٹ کورسز اور پریکٹیکل ورکشاپس کے منصوبوں کو شروع کرنے میں ہمارے ساتھ علی داؤدی ٹرسٹ نے بھرپور ساتھ دے گی اور گوادر کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے بھی آواز اٹھائے گی۔
انشاء اللہ۔۔۔دوستان گوادر باتوں سے نہیں بلکہ ان مسائل کو حل کرنے کے لیے اپنے کام سے آپکا دل جیت کر دکھائیں گے۔ ہمیں یقین ہے گوادر کی عوام ہمارا ساتھ دے گی اور مسائل کی نشاندھی کے ساتھ ساتھ ان تمام مسائل کو پرامن طریقے سے حل کرنے میں تعاون کرے گی۔ ہمارا اولین مقصد بلوچستان کے عوام بالخصوص گوادر کے شہریوں اور باسیوں کی سماجی ، معاشی اور سیاسی ترقی کیلئے شعور اجاگر کرنا ہے۔ یہاں امن و استحکام اور ترقی کی کاوشوں کو تقویت دینا ہے ۔
ہماری کوشش ہو گی کہ گوادر کے نوجوان طبقات کو سماجی، معاشی خود انحصاری کی منزل تک لے جانے میں معاونت کریں۔ ہم سب جانتے ہیں کہ گوادر سے پاکستان کی ترقی اور بلوچستان کی خوشحالی وابستہ ہے۔ اسی تناظر میں گوادر کے عوام کو معاشی ترقی کے حقیقی ثمرات سے بہرہ مند کرانا ہے، امن و استحکام اور قانون کی حکمرانی سے عوام کے حقوق اور بنیادی سہولیات کو یقینی بنانے میں کردار ادا کریں گے۔۔ دوستان گوادر، وفاقی و صوبائی انتظامیہ کو عوامی ترقی کی ذمہ داریوں سے باور کراتے رہیں گے۔ سمینار میں گوادر کے نوجوانوں نے شرکت کی اور دوستان گوادر کے اس مثبت کردار کی تعریف کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔ اس سے قبل جاوید کمپلیکس سے گوادر پریس کلب تک دوستان گوادر ریلی بھی نکالی گئی جس میں سوشل ورکرز اور سول سوسائٹی کے ممبران نے شرکت کی۔