اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے 1967ء کی سرحدوں پر آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں جنگ کو فوری طور پر روکا اور غزہ کی پٹی میں فلسطینی بھائیوں کے خلاف گھناؤنے جرائم کا سلسلہ بند کیا جائے ۔حج کے لیے آئے اہم عالمی رہنمائوں کے استقبالیہ پروگرام سےخطاب میں انہوں نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت کرتے ہوئے پوری مسلم امہ کو عیدالاضحیٰ کی مبارک باد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ اس وقت فلسطین اور غزہ کا مسئلہ فوری حل طلب مسئلہ ہے۔ ہم غزہ میں انسانی جانوں کا ضیاع روکنے اور قتل عام روکنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔شہزادہ محمد بن سلمان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے غزہ کی پٹی میں فوری جنگ بندی کی تجویز کے حوالے سے جاری کردہ حالیہ قراردادوں پر عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیاانہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے عالمی برادری سےمشرقی یروشلم پر مشتمل 1967ء سرحدوں پر مشتمل آزاد فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے مطالبے کی تجدید کی۔سعودی ولی عہد نے واضح کیا کہ خطے میں پائیدار امن کے حصول کے لیے مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل ضروری ہے۔آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے بغیر خطے میں امن کا حصول ناممکن ہے۔سعودی ولی عہد نے کہا کہ ’ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہمیں حرمین شریفین اور مقدس مقامات کی خدمت، زائرین کی دیکھ بھال کرنے اور ان کی سکیورٹی اور سیفٹی کو یقینی بنانے کا اعزاز بخشا ہےشہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ ہمیں اس عظیم فریضے کو جاری رکھنے پر فخر ہے اور ہم عازمین حج کی آمد سے ان کی روانگی تک انہیں سہولتیں فراہم کرنے کےلیے تمام صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں