مکہ المکرمہ ۔(نمائندہ خصوصی ):سعودی حکام نے کہا ہے کہ رواں سال حج کے سیزن کے دوران عازمین میں کوئی متعدی بیماری ریکارڈ نہیں کی گئی۔اپنے ایک بیان میں سعودی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ حج کے موسم میں ضیوف الرحمان کو مکمل طبی نگہداشت فراہم کرنے کے لیے اپنی تمام ممکنہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔سعودی صحت عامہ کے نائب وزیر برائے صحت ڈاکٹر ہانی جوخدار نے کہا کہ ہم نے حجاج میں اب تک کوئی متعدی بیماری ریکارڈ نہیں کی۔سعودی وزارت صحت نے واضح کیا کہ وہ طبی اور انتظامی عملے، صحت کی سہولیات، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور مقدس مقامات پر قائم کیے گئے مراکز کے ذریعے حجاج کو اعلیٰ ترین صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے کےلیے پرعزم ہے۔ یکم ذی القعدہ سے8 ذی الحج تک تقریباً 93,000 عازمین صحت کے مراکز کی جانب سے فراہم کی جانے والی مختلف صحت کی خدمات سے مستفید ہوئے۔وزارت صحت نے وضاحت کی کہ ضیوف الرحمان کو فراہم کی جانے والی صحت کی خدمات میں طبی اور خصوصی کلینکس، فارمیسیوں، ڈائیلاسز سینٹرز، انتہائی نگہداشت کے کمروں اور آئسولیشن یونٹس پر مشتمل ہیں۔ رواں حج سیزن میں اب تک 19 اوپن ہارٹ سرجریز، 218 کارڈیک کیتھیٹرائزیشنز اور 676 ڈائیلاسز پراسس کئے گئے۔