مکہ المکرمہ۔(نمائندہ خصوصی ):سعودی عرب کے حج سیکورٹی فورسز کے کمانڈرز نے کہا ہے کہ اللہ کے مہمانوں کو ہر قسم کی سیکورٹی اور مناسک حج کی ادائیگی میں سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے جس کےلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بھی کیا جارہا ہے، حج کو جلد ہی سمارٹ حج بنا دیا جائے گا ۔ ہفتہ کو حج کے حوالے سے پانچ مختلف سیکورٹی فورسز کے کمانڈرز نے میڈیا بریفنگ کے دوران حج سے متعلق مختلف تفصیلات سے آگاہ کیا۔ان سیکورٹی فورسز میں سعودی ایمرجنسی فورس سٹاف میجر جنرل محمد بن مقبول المیری، ڈائریکٹر پبلک سیکورٹی لفٹیننٹ جنرل محمد البصامی ، کمانڈر پاسپورٹ فورسز حج میجر جنرل ڈاکٹر صالح بن سعد المربی، کمانڈر سول ڈیفنس حج میجر جنرل مومود الفرج اور سیکورٹی ایوی ایشن کے کمانڈر میجر جنرل پائلٹ عبدالعزیز بن محمد شامل تھے۔میڈیا بریفنگ 911 آپریشن ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوئی۔ سیکورٹی فورسز کے کمانڈرزنے اللہ کے مہمانوں کو مناسک حج ک ادائیگی میں ہرممکن سہولت فراہم کرنے کےلئے کئے جانے والے اقدامات پرتفصیل سے روشنی ڈالی۔انہوں نے بتایا کہ ہماری ترجیح عازمین حج کی حفاظت کو یقینی بنانا، حج پرمٹ کے بغیر لوگوں کو مقدس مقامات میں داخل ہونے سے روکنا اور مکہ مکرمہ کے داخلی راستوں پر غیر مجاز داخلے کو روکنے کے لئے حفاظتی حصار قائم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کی حفاظت ہمارے لئے ” ریڈ لائن“ہے جس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے حج اقدامات کے حوالے سے بتایا کہ حج قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی 97 ہزار سے زائد گاڑیاں واپس کی گئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزٹ ویزے پر آئے افراد حج نہیں کرسکتے ، اس لئے حج پرمٹ حاصل کرنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزٹ ویزا ہولڈرز میں حج قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ 53 ہزار سے زائد ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی اہلکاروں کو ہر قسم کے وسائل فراہم کیے جاتے ہیں تاکہ وہ انتظامی کارروائی کرسکیں ۔انہوں نے کہا کہ جلد ہی دانشمند قیادت کی مدد سے حج کو ایک سمارٹ حج بنا دیا جائے گا جس سے عازمین حج کو ہر قسم کی سہولیات حاصل ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی چیک پوائنٹس پر سخت اقدامات نے خلاف ورزی کرنے والوں کی تعداد کو کم کرنے میں کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حج2024 کے دوران عازمین حج کی حفاظت اور انہیں بہترین سہولیات کی فراہمی کےلئے جدید ٹیکنالوجی کو بھی بروئے کار لایا جارہا ہے تاکہ عازمین حج سکون اور خشوع وخضوع کے ساتھ عبادات کرسکیں ۔