ریاض ( نیوز ڈیسک )مکہ مکرمہ میں خانہ کعبہ کے مرکزی دروازے اور حجرِ اسود کا خول تیار کرنے والی فیکٹری کے پاکستانی مالک عاشق حسین خالق حقیقی سے جاملے۔محمد عاشق حسین کے انتقال پر قونصل جنرل خالد مجید اور پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مرحوم محمد عاشق حسین کی گولڈ فیکٹری سعودی عرب میں قائم ہے، اس فیکٹری کو خانہ کعبہ کا مرکزی دروازہ، میزابِ رحمت (پر نالہ) اور حجرِ اسود کا خول تیار کرنے کا شرف حاصل ہے۔۔محمد عاشق کا تعلق پنجاب کے ضلع بہاولپور سے تھا ، ان کے والد ملک غلام قادر سنار تھے جو بہاولپور کے نواب صادق محمد عباسی کے محل میں کام کیا کرتے تھے۔محمد عاشق کو 1970 میں سعودی عرب کے شہر مدینہ بھیج دیا گیا، بعد ازاں وہ سعودی عرب میں سونے کے ممتاز تاجروں میں سے ایک بن گئے۔محمد عاشق حسین کی فیکٹری خانہ کعبہ کے 200 کلو گرام خالص سونے سے تیار کیے جانے والے مرکزی دروازے تیار کرتی تھی، محمد عاشق حسین کی فیکٹری کو خانہ کعبہ کے دروازے کی تعمیر اور تنصیب کا کام بھی سونپا گیا تھا۔مزید برآں خانہ کعبہ پر لگے پرنالہ (میزاب رحمت) کی ڈیزائننگ اور تنصیب بھی عاشق حسین کی فیکٹری نے ہی کی تھی، اس پرنالے کے ذریعے بارش کا پانی کعبتہ اللہ کی چھت سے زمین تک پہنچتا ہے۔