جدہ (نمائندہ خصوصی) سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں یوکرین بحران پر مذاکرات کاآغازہوگیا۔سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق قومی سلامتی کے مشیر اور متعدد ممالک کے نمائندے یوکرین بحران کا حل تلاش کرنے کے لیے جدہ میں جمع ہو ئے ہیں۔یہ اجلاس سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے انسانیت نواز اقدامات اور مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔سعودی ولی عہد یوکرین بحران کے آغاز سے روس اور یوکرین کے قائدین سے رابطے میں ہیں۔شہزادہ محمد بن سلمان نے دوونوں ملکوں کے رہنماں سے رابطے کرکے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ سعودی عرب پائیدار حل تک رسائل کے لیے امن مشن کے لیے تیار ہے۔سعودی عرب چاہتا ہے کہ یوکرین بحران کے اثرات کم کرنے اور اس سے پیدا ہونے والے انسانی مصائب کا بوجھ کم کرنے کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں اور اقدامات کا ساتھ دیا جائے۔سعودی حکومت چاہتی ہے کہ جدہ اجلاس یوکرین بحران کے حل کی تمام طریقوں تک رسائی میں معاون بنے۔عالمی سطح پر بات چیت، یکجہتی اور خیالات کے تبادلے کے ذریعے مکالمے کے فروغ میں حصہ ڈالے۔سیاسی اور سفارتی ذرائع استعمال کرکے یوکرین بحران کا حل نکالا جائے تاکہ عالمی امن و سلامتی مستحکم ہو اور دنیا یوکرین بحران کے اقتصادی و سلامتی و انسانی مسائل سے محفوظ ہو سکے۔