ریاض۔(نمائندہ خصوصی )سعودی عرب میں رواں سال رمضان المبارک کے دوران حرمین شریفین کو جوڑنے والی لاجسٹک سروس ’’حرمین ٹرین‘‘ استعمال کرنے والوں کی تعداد میں 26 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اردو نیوز کے مطابق حرمین ریلوے کے ذریعے رمضان المبارک میں ہزاروں زائرین کو سفری سہولت حاصل ہورہی ہے۔ مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ آمد ورفت کے لیے شہری اور غیرملکی حرمین ٹرین سے مستفید ہورہے ہیں۔گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال حرمین ٹرین استعمال کرنے والوں کی تعداد میں 26 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔حرمین ٹرین کے مرکزی سٹینشز مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ہیں جبکہ جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور شاہ عبداللہ اکنامک سٹی رابغ میں بھی ذیلی سٹیشنز موجود ہیں۔ حرمین ٹرین کے ذریعے مکہ سے مدینہ 450 کلو میٹر کا سفر صرف 2 گھنٹے میں طے ہوتا ہے۔ بجلی سے چلنے والی اس ٹرین کی رفتا 300 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔وزارت نقل و حمل کے پروگرام کے تحت رواں سال رمضان المبارک کے دوران حرمین ٹرین کے ذریعے 1.3 ملین مسافروں کو مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ آمد ورفت کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ وزارت کے پروگرام کے تحت رواں سال ٹرینوں کی تعداد میں بھی 9 فیصد اضافہ کیا گیا ہے،حرمین ٹرین کے بیڑے میں 35 ریل گاڑیاں شامل ہیں جبکہ ہر ایک گاڑی میں 417 مسافروں کی گنجائش ہے۔