جدہ۔:اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کے جنرل سیکرٹریٹ نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے حصول کے لئے جاری جائز جدوجہدپر ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔جنرل سیکرٹریٹ نےبھارت پر زور دیا کہ وہ 5 اگست 2019 کو کئے گئے تمام غیر قانونی اقدامات کو واپس لے، جن کا مقصد متنازعہ علاقے کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنا ہے۔جموں و کشمیر کے بارے میں اسلامی سربراہ کانفرنس اور او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے فیصلوں اور قراردادوں کا حوالہ دیتے ہوئے جنرل سیکرٹریٹ نے ایک بار پھر عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے تنازعہ کو حل کرنے کے لئے اپنی کوششوں میں اضافہ کرے۔