یمن( نیوز ڈیسک)سعودی عرب نے یمنی بجٹ خسارہ پورا کرنے کے لیے 500 ملین ڈالر کی رقم بھیج دی ہے۔ یہ رقم جنگ سے تباہی کو پہنچنے والی یمنی معیشت کو سہارا دینے کے لیے پیش کی جارہی ہے۔یمنی حکومت اس رقم سے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کرنے کے ساتھ دیگر ضروریات بھی پوری کر سکے گی۔ بتایا گیا ہے یہ 500 ملین ڈالر کی رقم اس ایک ارب بیس کروڑ ڈالر کی پچھلے سال سے اعلان کردہ رقم کا حصہ ہے جو سعودی عرب کی طرف سے یمن کی مدد کے لیے سامنے آیا تھا۔واضح رہے یمن کی اس حکومت کو 2014 میں بغاوت کر کے دارالحکومت صنعا سے باہر دھکیل دیا گیا تھا اور ایرانی حمایت یافتہ حوثیوں نے دارالحکومت پر قبضہ کر لیا تھا۔اس امدادی رقم کا بنیادی مقصد یمن کے بجٹ خسارے کو پورا کرنا تھا۔ اے ایف پی کے مطابق سعودی عرب اس سے پہلے پچھلے سال ماہ فروری اور اگست میں 250ملین ڈالر کی ایک امدادی اقساط ادا کر چکا ہے۔ تاکہ حکومت تنخواہوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی کے امور کو بھی بہتر بنا سکے۔2014 میں دارالحکومت صنعا پر قبضہ کرنے والے حوثیوں اور یمن کی حکومت کے درمیان اقوام متحدہ کی مدد سے 2022 میں معاہدہ طے پا گیا تھا ۔ تاہم علاقے کے غریب ترین ملک میں اب بھی مسائل ہیں۔