ریاض (مانٹرنگ ڈیسک )سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع نے مکہ مکرمہ ریجن ، طائف اور کئی دیگر علاقوں میں آئندہ اتوار تک موسلادھار بارشوں ، تیز ہوائوں اور ژالہ باری کے امکان کے پیش نظر لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔اردو نیوز کے مطابق سعودی محکمہ شہری دفاع نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ ریجن، درمیانے درجے کی موسلادھار بارش سے متاثر ہوگا، گرد آلو تیز ہوائیں چلنے اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے، اس کے علاوہ طائف، الجموم، میسان، اضم، العرضیات، الکامل اور دیگر علاقوں میں بھی ایسی ہی صورتحال کا امکان ہے۔ الباحہ، عسیر اور جازان ریجنز میں بھی درمیانے درجے کی موسلا دھار بارش جبکہ نجران اور مدینہ منورہ ریجن میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے ۔ محکمہ شہری دفاع نے لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔بیان میں ہدایت کی گئی ہے کہ ان علاقوں میں لوگ محفوظ مقامات پر رہیں،سیلابی مراکز، وادیوں اور نشیبی مقامات کی طرف جانے سے گریز کریں، اس کے علاوہ بارش کے دوران میڈیا اور سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس کے ذریعے دی جانے والی ہدایات پر عمل کیا جائے۔