جموں:(نیوز ڈیسک)مقبوضہ جموں کشمیرمیں سول سوسائٹی کے گروپوں نے بھارتی قابض فورسز اورنام نہاد ایجنسیوں کی جانب سے بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار ترقیوں کی لالچ میں بیگناہ کشمیری نوجوانوں کوجعلی مقابلوںمیں شہید کر ر ہے ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سول سوسائٹی کے گروپوں نے جموں سے جاری اپنے بیان میں کہاہے کہ کوکرناگ کے رہائشی گجر بکروال قبیلے کے تین نوجوان کو بھارتی پولیس نے اغوا کرنے کیاتھا۔ ان میں سے دو نوجوانوں شوکت اور ریاض کوقتل کرنے کے بعد ان کی لاشیں ویرانے میں پھینک دی گئی ہیں جبکہ ایک نوجوان مختار تاحال پولیس کی حراست میں ہے ۔ بیان میں کٹھوعہ میں کشمیری نوجوان مکھن دین کی دوران حراست شہادت کا حوالہ دیتے ہوئے کہاگیاہے کہ بھارتی قابض فورسز مقبوضہ علاقے میں ہزاروں کشمیریوں کو حراست اور جعلی مقابلوںمیں شہید کر چکی ہیں ۔ سول سوسائٹی نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مقبوضہ علاقے میں بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشتگردی کا فوری نوٹس لینے اور متاثرہ خاندانوںکو انصاف دلانے کی اپیل کی ہے ۔