سرینگر:(نیوز ڈیسک)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے ہزاروں کشمیریوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے جو اپنے مادر وطن پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کی چیلنج کرنے پر جیلوں میں بند ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی کی ہندوتوا حکومت اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں اس کی کٹھ پتلی انتظامیہ حریت پسندکشمیری قیادت اورکارکنوں کو ان کے سیاسی نظریے کی وجہ سے نشانہ بنانے کے لئے ان کی نظربندی کوجان بوجھ کر طول دے رہی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکومت نے 5اگست 2019اور اس کے بعد اپنے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بعد مقبوضہ علاقے میں نوجوانوں اور خواتین سمیت ہزاروں کشمیریوں کو گرفتار کیا ہے۔ بھارت اور مقبوضہ علاقے کی جیلوں میں بند کشمیریوںمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، نعیم احمد خان، آسیہ اندرابی، ایڈووکیٹ شاہد الاسلام، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، معراج الدین کلوال، فاروق احمد ڈار، مولوی بشیر احمد، مشتاق الاسلام، بلال صدیقی اور ڈاکٹر حمید فیاض شامل ہیں۔حریت ترجمان نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ کشمیری نظربندوں کی فوری رہائی میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت حریت رہنمائوں کو جھوٹے الزامات پر بار بار گرفتار کر کے انہیں سیاسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دے رہا جو سیاسی انتقام کابدترین مظاہرہ ہے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ کشمیری نظربندوں کو بھارتی جیلوں میں مناسب خوراک اور علاج ومعالجے کی سہولت سے محروم رکھا گیا ہے اور نظربندوں کے اہل خانہ ان کی خیریت کے حوالے سے بہت فکر مند ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ ظلم کی انتہا یہ ہے کہ زیادہ تر قیدیوں کو اپنے اہل خانہ سے ملنے کی اجازت تک نہیں دی جاتی۔تاہم بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ جابرانہ ہتھکنڈے مقبوضہ علاقے کے لوگوں کو حق خود ارادیت کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد سے روک نہیں سکتے۔انہوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں غیر قانونی نظربندیوں کا نوٹس لیں اور غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی رہائی کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس نے معروف آزادی پسند رہنما شہید اشفاق مجید وانی اوران کے ساتھیوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیاہے جو 1990میں آج ہی کے دن سرینگر میںشہید ہوئے تھے۔ حریت کانفرنس نے کہا کہ شہید اشفاق مجید وانی تحریک آزادی کشمیر کے لیے روشنی کا ایک مینار ہیں جو ہمیشہ حریت پسند کشمیریوں کی رہنمائی کرتے رہیں گے ۔