سرینگر :(نمائندہ خصوصی)کل جماعتی حریت کانفرنس نے جیلوں میں نظر بند حریت رہنماﺅں اور کشمیری عوام کی صبر و استقامت اور قربانیوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ ایک تنازعہ ہے اور بھارت اپنے جھوٹے بیانیے اور جابرانہ ہتھکنڈوں سے اس حقیقت کو ہرگز تبدیل نہیں کر سکتا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے کشمیر میڈیاسروس کے ساتھ سرینگر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ کشمیری عوام نے 1947سے آج تک بھارت کے جابرانہ قبضے سے آزادی کیلئے بیش بہا قربانیاں دی ہیں اور یہ عظیم قر بانیوں کا ہی نتیجہ ہے کہ تنازعہ کشمیر اس وقت عالمی سطح کا توجہ کا مرکز ہے۔ انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک ، آسیہ انداربی، مشتاق الاسلام اور برسہا برس سے مقبوضہ علاقے اور بھارتی کی جیلوں میں نظر بند دیگر کشمیری حریت رہنماﺅں کے عزم وہمت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی جبر ایک عظیم کاز کیساتھ انکی وابستگی کو متزلزل نہیں کرسکا ہے۔ترجمان نے کہا کہ بھارتی فورسز اور ایجنسیاں اپنی جابرانہ کارروائیوں کے ذریعے کشمیریوں کے عزم کے توڑنے میں ہرگز کامیاب نہیں ہونگی اور نہ ہی بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما خاص طور پر وزیر داخلہ امیت شاہ اپنی اشتعال انگزیز بیان بازی سے آزادی پسند کشمیری عوام کو مرعوب کرسکتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ غیورکشمیری عوام ہندوتوا بی جے پی کی ہر چال اور حربے کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوںنے کہا کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت اور اسکی سرپرست آر ایس ایس اپنے فرقہ وارانہ اور کشمیر مخالف ایجنڈے کے ذریعے خطے کو مزید تباہی کی طرف دکھیلناچاہتی ہیں لہذا یہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان جماعتوں کے اس مذموم ایجنڈے کا نوٹس لے۔ترجمان کہا کہ کشمیری عوام بھارت کی مکارانہ پالیسی اور چالوں سے اچھی طرف واقف ہیں لہذا وہ اسکے کے فریب میں ہرگز آئیں گے اور مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ بات بالکل واضح ہے کہ بی جے پی، آر ایس ایس جموں وکشمیر میں ہندوتوا پالیسی پر عمل پیرا ہے لیکن انہیں ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو جان لینا چاہئے کہ وہ حریت قائدین اور کارکنوں کے گھروں پر بلا جواز چھاپوں اور انہیں تشدد کا نشانہ بنانے سے کچھ حاصل نہیں کر پائے گا اور کشمیری اپنی مقدس تحریک کو ہر حال میں جاری رکھیں گے۔ترجمان نے کہ بھارت جموں وکشمیر میں اپنی ناکامیوں سے دراصل بوکھلاہٹ کا شکار ہے ، وہ علاقے میں ایک ہاری ہوئی لڑائی لڑ رہا ہے ، وہ جبر وستم کی کارروائیوں سے کشمیریوں کو اپنے اصولی موقف سےدستبردار کرانے میں ناکام ہوچکا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ کشمیری بھارتی تسلط کیخلاف متحد و یکجا ہیں اوروہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراد دادوں اور اپنی خواہشات کے مطابق حل نہیں ہرگز چین سے نہیں بیٹھیں گے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت خود مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ میں لے گیا تھا اور عالمی برادری کے سامنے وعدہ کیا تھا کہ وہ کشمیری عوام کو انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دے گا لیکن اب وہ اپنے وعدوں سے مکر چکا ہے جو اسکی نام نہاد جمہوریت کے ماتھے پر ایک بدنمادھبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حریت کانفرنس چاہتی ہے کہ مسئلہ کشمیر کو بھارت، پاکستان اور جموں و کشمیر کی حقیقی قیادت کے درمیان مذاکرات کے ذریعے پرامن طور پر حل کیا جائے۔ انہوںنے کہا کہ کشمیر کے مقدس کاز کے لیے کئی حریت رہنماو¿ں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے ، حریت رہنماﺅں کارکنوں سمیت ہزاروں کشمیریوں جیلوں میں بندہیں۔تاہم کچھ نام نہاد لوگ اور پارٹیاں اپنی مذموم سرگرمیوں اور بیان بازی کے ذریعے حریت کانفرنس کو بدنام کرنا چاہتی ہیں ، حریت کانفرنس ان تمام نام نہاد افراداور جماعتوں کو مسترد اور تنازعہ کشمیر کے حل تک اپنی جدوجہد اور قربانیوں کا سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ترجمان نے شہدا کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا انکی عظیم قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ انہوں نے جامع مسجد سرینگر میں شب قدر کی عبادات اور نماز جمعہ کی جازت نہ دینے اور میرواعظ عمر فاروق کو گھر میں نظر بند کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کشمیری مسلمانوں کے مذہی معاملات میں صریح مداخلت قرار دیا۔
انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر کے ماتحت انتظامیہ کی طرف حریت قائدین محمد فاروق رحمانی اوردیگر کی جائیدادوں کی ضبطی کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ خطے میں غیر قانونی اقدامات اور کارروائیوں سے باز رکھے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل سے ہی جنوبی ایشیامیں پائیدار امن قائم ہوسکے گا۔انہوں نے عالمی برادری ، اقوام متحدہ، او آئی سی، امریکہ، برطانیہ اور دیگر عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے اور اس حوالے سے بھارت پر دباﺅ ڈالے۔