سری نگر (نیوز ڈیسک):بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں آج جمعتہ الوداع پر ضلع بڈگام کے علاقے ماگام میں ہزاروں مسلمانوں نے فلسطین کے مظلوم لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ریلی میں خواتین بھی بڑی تعداد میں شریک تھیں۔ انہوں نے مسجد الاقصیٰ کی آزادی اور فلسطینی علاقوں پر اسرائیل کے قبضے کے خاتمے کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔انہوںنے صیہونی قبضے کی مذمت اور غزہ میں بڑھتے ہوئے اسرئیلی جبر پر عالمی برادری کی خاموشی پر کڑی تنقید کی جہاں گزشتہ برس اکتوبر سے اب تک ہزاروں بچوں اور خواتین سمیت50 ہزار سے زائد افراد شہید کیے گئے ہیں۔آج یوم القدس پر نکالی گئی اس ریلی کے شرکاءنے ماگام قصبے کے بازار کا چکر لگایااور آخر میں مقررین نے محکوم فلسطینی عوام کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کیا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت رکوانے کے لیے کردار ادا کرے۔دریں اثناءکل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے بڈگام میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے دنیا بھر کے مسلمانوں سے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے صہیونی ایجنڈے اور نسل پرستی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انسانی تاریخ میں اس سے پہلے کبھی ہم نے ایسا بے رحمانہ ظلم وستم نہیں دیکھا ہے، اسرائیل نسلی تطہیر اور دہشت گردی کے ذریعے فلسطین میں آبادیاتی تبدیلی کر رہا ہے۔آغا سید حسن نے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو محکوم فلسطینیوں کو انصاف کی فراہمی کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے۔