سرینگر(نیوز ڈیسک)غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں قابض انتظامیہ نے لیلتہ القدر کے موقع پر تاریخی جامع مسجد سرینگر کو سیل کر کے مسلمانوں کو مسجد میں خصوصی عبادات سے روک دیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق قابض حکام نے انجمن اوقاف جامع مسجد کو مطلع کیا ہے کہ شب قدر کے موقع پر جامع مسجد بند رہے گی اور وہاںکسی کو بھی عبادت کی اجازت نہیں ہو گی ۔ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے سوشل میڈیا پر قابض انتظامیہ کے اس فیصلے کی شدید مذمت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لیلتہ القدر کی انتہائی مقدس اوربابرکت شب جب دنیا بھر کے مسلمان اللہ تعالیٰ کے حضور توبہ استغفار اور خصوصی عبادات کرتے ہیں اور رحمت الٰہی طلب کرتے ہیں ، جامع مسجد کو قابض انتظامیہ نے مقفل کر دیاہے ۔ انہوں نے قابض انتظامیہ کی اس پابندی کو انتہائی افسوسناک اورمسلمانوں کے دینی امور میں مداخلت قراردیا۔ انہوںنے کہاکہ قابض انتظامیہ کے اس فیصلے سے کشمیری مسلمانوں میں شدید غم و غصہ پایاجاتاہے۔