سرینگر(نیٹ نیوز):غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی پولیس نے سوشل میڈیا پر آزادی پسند بیانیے کو فروغ دینے کے الزام پرضلع سرینگر میں ایک کشمیری نوجوان کو گرفتار کر لیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق گرفتارنوجوان کی شناخت شوکت احمد ڈار کے نام سے ہوئی ہے جو دودھ محلہ، شالیمار کارہائشی ہے ۔ قابض حکام نے دعویٰ کیاہے کہ شوکت اپنے سوشل میڈیا اکائونٹ کو آزادپسند سرگرمیوں کو اجاگر کرنے اورفروغ دینے کے لئے استعمال کررہا تھا۔ قابض حکام اپنے جابرانہ اقدامات کو جواز فراہم کرنے کے لیے اکثر اس طرح الزامات لگاتے رہتے ہیں۔ حکام نے 8مارچ کو ضلع بڈگام میں بھی اسی طرح کے الزامات پر چھ افراد کوگرفتار کیا تھا۔ناقدین کا کہنا ہے کہ اس طرح کی کارروائیاں اختلافی آوازوں کو دبانے اور سوشل میڈیا صارفین کی آزادی کو چھیننے کی دانستہ کوششوں کا حصہ ہیں۔