مظفرآباد(نمائندہ خصوصی )8 جولائی یومِ تجدیدِ عہد کا دن ۔ یہ دن ظالم و جابر کے خلاف جدوجہد ، مظلوم اقوام کیلئے بیداری اور اپنے حق خودارادیت کے حصول میں قربانیوں کی عظیم اور لازوال تاریخ کی یاددہانی ہے جب امت مسلمہ کے ایک معصوم مگر شیردل نوجوان برہان وانیؒ نے اپنی جان کی بازی لگا کر خود کو تحریکِ اور تاریخ میں ہمیشہ کیلئے امر کیا ہے۔یہ دن بھارتی مظالم اور اقوامِ عالم کی بے حسی کے خلاف جدوجہد کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم کا دن ہے۔ ان خیالات کا اظہار متحدہ جہاد کونسل کے ترجمان نے پریس کے نام جاری اپنے ایک بیان میں کیا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں نہتے کشمیری عوام قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں بدترین ظلم و تشدد اور مصائب کا شکار ہیں ۔اس بدترین ریاستی جبر کے ذریعے مقبوضہ جموں کشمیر کی مسلم آبادی کی نسل کشی بلاروک ٹوک جاری ہے۔مقبوضہ جموں کشمیر میں 1990ء سے لیکر اب تک ایک لاکھ کے قریب نہتے کشمیریوں کی شہادت ، 23,000 خواتین بیوہ ، 1,24000 بچے یتیم اور 10000 سے زائد افراد کی جبری گمشدگیوں سے واضح ہوتا ہے کہ کشمیری عوام بدترین بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں۔اس سنگین صورتحال اور انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کے باوجود اقوامِ عالم اور عالمی اداروں کی بے حسی و پراسرار خاموشی انتہائی افسوسناک امر ہے ۔ جہاد کونسل نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ عالمی برادری کو اپنی ذمہ داریاں یاد دلانے اور بھارت کی فسطائی مودی حکومت کے ظلم و جبر کی مذمت کیلئے 8 جولائی بروز ہفتہ 2023ء کو مکمل ہڑتال اور احتجاج کرکے واضح کریں گے کہ وہ اپنے شہداء کے ساتھ ہر حال میں وفا کریں گے ۔ ترجمان جہاد کونسل نے مقبوضہ ریاست سے باہر دنیا میں جہاں کہیں بھی کشمیری رہتے ہوں سے بھی دردمندانہ اپیل کی ہے کہ وہ بھی 8 جولائی کو بھارتی ظلم و جبر اور اقوامِ عالم کی خاموشی پر احتجاج کریں ۔ترجمان نے واضح کیا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں غاصبانہ اور ناجائز بھارتی قبضے کے خاتمے کیلئے ہر محاذ پر جدوجہد جاری رہے گی اور کسی طالع آزما کو شہداء کے مقدس لہو کے ساتھ ساتھ غداری کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ترجمان نے کہا کہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ان شاءاللہ آزادی کا سورج ضرور طلوع ہوگا۔