سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام نے عالمی شہرت یافتہ سیاحتی مقام گلمرگ میں رمضان المبارک کے دوران نیم عریاں فیشن شو کے انعقاد پر قابض انتظامیہ کی شدید مذمت کی ہے اور اسے اسلامی اقدار پر حملہ قرار دیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مفتی ناصر الاسلام نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیشن شو کے منتظمین کے خلاف فوری قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیشن شو میں نیم عریاں مرد اور خواتین نے ریمپ پر واک کی جو کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے دوران کشمیری مسلمانوں کیلئے مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔انہوںنے کہاکہ یہ مسلمانوں کی روایات اور مذہبی اقدار کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔مفتی اعظم نے واضح کیاکہ رمضان کے مقدس مہینے میں اس طرح کی فحش فیشن شوکا انعقاد قابل مذمت اور انتہائی افسوسناک اور اسلا م کے وقار پر براہ راست حملہ ہے ۔ انہوں نے اسے ثقافتی جارحیت اور کشمیری روایات پر بھی حملہ قرار دیا۔مفتی ناصر الاسلام نے قابض حکام پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں اس طرح کی فحش سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات کریں جوکہ جموں کوکشمیر کی ثقافتی اور مذہبی شناخت کو مسخ کر رہی ہیں ۔