سرینگر(نمائندہ خصوصی):غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں سیاسی تجزیہ کاروں اور سول سوسائٹی کے ارکان نے کہا ہے کہ بھارتی میڈیا خاص طور پر پاکستان اور کشمیریوں کے خلاف بھارتیہ جنتا پارٹی کے پروپیگنڈے کا بنیادی آلہ بن چکا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سیاسی تجزیہ کاروں اور سول سوسائٹی کے کارکنوں نے سرینگر میں اپنے انٹرویوز اور بیانات میں کہا کہ بھارتی میڈیا کہانیاں گھڑنے اورخاص طوپر پاکستان کو نشانہ بنانے کے لیے جھوٹی خبریں پھیلانے کے لئے بدنام ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کشمیر کی کوریج کے دوران بھارتی میڈیا میں صحافتی اقدار کا مذاق اڑایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے اور کشمیریوں کو دبانے کے لیے میڈیا، سائبر وارفیئر اور دہشت گردی کو ہائبرڈ ٹولز کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔تحزیہ کاروں نے کہا کہ بھارتی صحافی اور اینکرپرسنز مودی کی سرکاری پالیسیوں سے مطابقت رکھنے والے بیانیے کا راگ الاپ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کے ڈس انفو لیب نے پہلے ہی بھارت کے مذموم ہتھکنڈوں اور پاکستان کے خلاف اس کی دشمنی کو بے نقاب کر دیا ہے۔سیاسی تجزیہ کاروں اور سول سوسائٹی کے کارکنوں نے کہا کہ آر ایس ایس سے وابستہ بھارتی میڈیا قوم پرستی کی آڑ میں ہندوتوا کے ایجنڈے کو فروغ دے رہا ہے اور جنگ بھڑکانے اور نفرت پھیلانے والا بھارتی میڈیا مودی کے فسطائی ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں کلیدی کرداراداکررہا ہے۔