اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک):جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) نے بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے جموں و کشمیر کے بارے میں حالیہ بیان کی شدید مذمت کی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی وزیرخارجہ نے اپنے حالیہ دورہ برطانیہ کے دوران ایک تھنک ٹینک کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا”کہ بھارت نے دفعہ370کو ختم کیا اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں اقتصادی بحالی ،خوشحالی اور سماجی انصاف کے لیے اقدامات کئے۔ نیز کشمیریوں کی بھرپور شمولیت کے ساتھ انتخابات کرائے ہیں۔ بھارتی وزیرخارجہ نے کہا تھا کہ اب جب بھارت آزادکشمیرکو واپس لے لے گا تو پھر مسئلہ کشمیر مکمل طور پر حل ہوجائے گا۔“جے کے ایل ایف کے ترجمان اعلیٰ محمد رفیق ڈار نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں بھارتی وزیر خارجہ کے دعوو¿ں کو غیر معقول اور بے بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنی آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں، بھارت نے مقبوضہ جموںوکشمیر میں دس لاکھ فورسز اہلکار تعینات کر رکھے ہیں ، جموںوکشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدید ایک متنازعہ خطہ ہے اور اقوام متحدہ نے تنازعہ کشمیر کے حل کے حوالے سے متعدد قرار دادیں پاس کر رکھی ہیں۔انہوں نے بھارتی وزیر کے متکبرانہ رویے کی مذمت کرتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کو اپنے قبضے میں لینے کے بھارتی دعووں کو ایک احمقانہ سوچ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر تاریخی طور پر کبھی بھی بھارت کا حصہ نہیں رہا۔