سری نگر :بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران گزشتہ ماہ فروری میں 10 کشمیریوں کو شہید کر دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے آج جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق ان میں سے دو کو دوران حراست بہیمانہ تشدد کر کے شہید کیا گیا۔ ان شہادتوں کے نتیجے میں ایک خاتون بیوہ اور تین بچے یتیم ہو گئے۔
بھارتی فوجیوں، پیرا ملٹر ی اہلکاروں اور بدنام زمانہ تحقیقاتی اداروں نیشنل انویسٹی گیش ایجنسی(این آئی اے)، سٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی(ایس آئی اے) اورکاﺅنٹر انٹیلی جنس کشمیر(سی آئی کے) کی ٹیموں نے گزشتہ ماہ محاصرے اور تلاشی کی192 کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران 840 شہریوں کو گرفتار کیا ہے جن میں زیادہ تر سیاسی کارکن، نوجوان، تاجر اور طلبا شامل ہیں۔ گرفتار کیے جانے والوں میں سے اکثر کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) اور ”یو اے پی اے“ جیسے کالے قوانین کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔
نئی دلی کے مسلط کر دہ لیفٹیننٹ گورنر کے ماتحت انتظامیہ نے گزشتہ ماہ مکانات اور اراضی سمیت 16 جائیدادیں ضبط کیں۔