سرینگر( نیٹ نیوز )مودی کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں کشمیر میں ہندوؤں کی سالانہ امرناتھ یاترا ایک فوجی یاترا میں تبدیل ہو چکی ہے جہاں سطح سمندر سے 3,880 میٹر بلند غار کے درشن کے لیے 4,903 یاتریوں کا تازہ قافلہ اتوار کو بیس کیمپ سے روانہ ہو گیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق بھارت میں ہندوتوا سیاست کے عروج کے بعد سے امرناتھ غار کو جانے والے یاتریوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔تیس جون سے شروع ہونے والی امرناتھ یاترا کے دوران جو دو ماہ تک جاری رہے گی ، کشمیریوں کو فوجیوں کی بڑھتی ہوئی موجودگی سے نمٹنا پڑے گا جو سخت پابندیوں ، مسلسل چیکنگ اور تلاشی کی صورت میں کشمیری عوام کے لئے مزید مشکلات کا باعث بنتی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیاکہ اس کے علاوہ یاترا سے جموں کشمیر پر بڑے پیمانے پر سنگین ماحولیاتی اثرات مرتب ہوتے ہیں جبکہ مودی حکومت مقبوضہ جموں کشمیرکے نازک ماحول کو درپیش خطرات کو نظرانداز کر رہی ہے۔