سری نگر:(نمائندہ خصوصی)کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر حریت رہنماؤں نے” یوم یکجہتی کشمیر” کے موقع پر پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کے مظفرآباد میں خطاب کو سراہا ہے جس میں انہوں نے کشمیر کاز کے لیے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی خاطر 3جنگیں لڑچکے، 10اور لڑنا پڑیں تو لڑیں گے،کشمیر کل بھی پاکستان کا حصہ تھا، آج بھی ہے اور آئندہ بھی رہیگا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سری نگر میں ایک بیان میں کہا کہ پاک فوج کے سربراہ کے بیان سے مقبوضہ جموںوکشمیر کے محکوم لوگوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ کشمیری اپنے حق خوداردیت کے حوالے سے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ جنرل سید عاصم منیر نے کشمیریوں کے جذبات و احساسات کی زبردست ترجمانی کی ہے ۔دریں اثنا جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان ایڈوکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں ایک بیان میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے جاری جدوجہد کی بھرپور حمایت پر پاکستانی عوام اور حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔ دیگر حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے سری نگر میں اپنے بیانات میں کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر نے بھارت کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ کشمیری تنہا نہیں ہیں بلکہ پاکستان کے 25 کروڑ عوام ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے جنرل سید عاصم منیر کی تقریر کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو مہمیز ملی ہے۔انہوںنے بھارت پر زور دیا کہ وہ ہٹ دھرمی اور غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل ترک کر کے دیرینہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے لیے ماحول کو سازگار بنائے۔ انہوں نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ جموں و کشمیر میں استصواب رائے کے انعقاد کے اپنے وعدے کو پورا کرے تاکہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں اپنے سیاسی مستقبل کا خود فیصلہ کرنے کا موقع مل سکے۔ادھرجموں کشمیر لبریشن الائنس کے ترجمان سجاد میر نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھنے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیراعظم پاکستان اور آرمی چیف کے بیانات کا خیرمقدم کیا ۔