سری نگر:(نمائندہ خصوصی)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی ایک اور بدترین کارروائی کے دوران آ ج ضلع بارہمولہ میں ایک کشمیری ڈرائیور کو شہید کردیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے ضلع کے علاقے سنگرمہ چوک میں تلاشی کی ایک پرتشدد کارروائی کے دوران سرینگر بارہمولہ شاہراہ پر ایک ٹرک کو فائرنگ کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اسکا ڈرائیور شہید ہو گیا۔واقعے کے حوالے سے مزید تفصیلات کا انتظارہے۔دریں اثنا بھارتی پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے جموں خطے کے ضلع کٹھوعہ میں مکھن دین نامی ایک نوجوان کو دوران حراست تشدد کر کے شہید کردیا۔بتایا جاتا ہے کہ مکھن دین بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں مزدوری کرتا ہے اور آج کل گھر آیا ہوا تھا۔ بھارتی فورسز نے اس پر تحریک آزادی کا حامی ہونے کا الزام دھر کے اسے حراست میں لیا اوردوران حراست بہیمانہ تشدد کر کے شہید کر دیا۔