اسلام آباد:(نمائندہ خصوصی)آزاد جموں وکشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اوروزیر اعظم چوہدری انوار الحق نے اندرون و بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 05فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں اور بھارت کے مکروہ چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کریں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آزاد جموں وکشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہاکہ بھارت جس طرح مودی کی ہندوتوا پالیسیوں پر گامزن ہے اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت جلد ٹکڑے ٹکڑے ہوگا ، اس کا شیرازہ بکھر جائے گا اور مودی بھارت کا گوربا چوف ثابت ہو گا۔انہوں نے کہاکہ بھارت ایک عالمی دہشت گرد کے طور پر سامنے آیاہے اور اس کا اظہار کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کینیڈین پارلیمنٹ میں واضح ثبوت کے ساتھ کیا جب بھارتی خفیہ ایجنسی” را” نے کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کو قتل کیا۔ اسی طرح بھارت دنیا کے دیگر ممالک میں بھی دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے اور کینیڈا، امریکہ سمیت دیگر ممالک نے بھی اس کی مذمت کی ہے۔ صدرسلطان محمود چوہدری نے کہاکہ آج کا دن پاکستانیوں اور کشمیریوں کے لازوال رشتہ کی پہچان ہے جسے کئی دہائیوں سے بھرپور طریقے سے منایا جاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم اقوام عالم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں بند کروائیں اور اقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔دریں اثناء وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 05فروری ایک ایسا تاریخی دن ہے جو اہلِ پاکستان اور اہلِ کشمیر کے لازوال رشتے، مذہبی، ثقافتی اور سماجی ہم آہنگی کی پہچان بن چکا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں اور کشمیریوں کے اس غیر متزلزل عزم کی تجدیدکا دن ہے کہ وہ اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی میں ہر لمحہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے قیامِ پاکستان سے قبل ہی نظریاتی طور پر اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ کر لیا تھا اور ہمیں اس تاریخی فیصلے پر فخر ہے۔ انہوں نے کہاکہ اہلِ پاکستان نے ہر مشکل گھڑی میں کشمیریوں کا ساتھ دیا اور ان کی قربانیوں کی قدر کی۔ آج بھی پاکستان اور آزادکشمیر کے عوام اپنے مقبوضہ جموں و کشمیر کے بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ وہ ہر سطح پر ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ان تمام بھائیوں، بہنوں، بیٹیوں اور بزرگوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جو بھارت کے ریاستی جبر کے خلاف سینہ سپر ہیں اور اپنی آزادی کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔انشا اللہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ جموں و کشمیر بھارتی تسلط سے آزاد ہوگا اور کشمیری عوام کی خواہش کے مطابق ریاست جموں و کشمیر کا پاکستان کے ساتھ الحاق ہوگا۔