نئی دہلی( نیٹ نیوز) پاکستان سے کشمیر واپس لینے سے متعلق بھارتی کمانڈر دن میں خواب دیکھنے لگے، کمانڈراوپندرا دویدی نے کہا کہ پاکستان سے کشمیر واپس لینے کیلئے تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی آرمی کی شمالی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف لیفٹننٹ جنرل اوپیندرا دویدی نے کہا ہے کہ پاکستان کے کشمیر پر بھارتی پارلیمنٹ کی قرارداد موجود ہے، جب بھی حکومت آرڈر دے گی ، ہم کشمیر واپس لینے کے احکامات پر عمل کریں گے۔ناردن آرمی کے کمانڈر کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کو خصوصی آئینی حیثیت دینے والی دفعہ 370 کے خاتمے کے بعد سے مرکز کے زیر انتظام اس علاقے میں کافی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں اور دہشت گردانہ سرگرمیوں پر بڑی حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔جنگ بندی پر کمانڈر دویدی نے کہا، "فوج ہمیشہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے تیار ہے کہ جنگ بندی مفاہمت کو کبھی نہ توڑا جائے کیونکہ یہ دونوں ممالک کے مفاد میں ہے، لیکن اگر کسی بھی وقت ٹوٹا تو ہم انہیں منہ توڑ جواب دیں گے۔”خیال رہے کہ 27 اکتوبر کو بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے سری نگر میں انفنٹری ڈے کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے عوام کے انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں اور پاکستان کو اس کی قیمت ادا کرنی پڑے گی۔