سرینگر:(نیوز ڈیسک )غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں سرینگر اسمارٹ سٹی پروجیکٹ بدعنوانی کے ایک بڑے اسکینڈل کا شکارہوگیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سرینگر سمارٹ سٹی لمیٹڈ کے سینئر عہدیداروں کے خلاف انسداد بدعنوانی کا ادارہ ”اینٹی کرپشن بیورو ” ناجائز دولت جمع کرنے اور اپنے عہدوں کا ناجائز استعمال کرنے کی تحقیقات کررہا ہے۔ اے سی بی نے دو اعلیٰ عہدے داروں کے خلاف مقدمات درج کیے ہیں اور متعدد مقامات پر چھاپے مارے ہیں جس سے کافی مالی بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں۔سمارٹ سٹی منصوبے میں بنیادی ڈھانچے کے کام میں تاخیراور غیر معیاری کام کی شکایات کے بعد تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ اے سی بی نے انکشاف کیا کہ سرینگر سمارٹ سٹی لمیٹڈ کے عہدیدان شاہانہ زندگی گزار رہے ہیں اوران کے اثاثے ان کی جائز آمدنی سے کہیں زیادہ ہیں جس سے عوامی غم و غصہ مزید بڑھ رہا ہے۔بدعنوانی کے اسکینڈل سے سرینگر سمارٹ سٹی پراجیکٹ پر سوالات کھڑے ہوگئے ہیں جو پہلے ہی تاخیراور لاگت میں اضافے کی وجہ سے تنقیدکی زد میںہے۔ بھارتی حکومت کے سمارٹ سٹیز مشن کے تحت شروع کیا گیا یہ منصوبہ غیر معیاری کام، تاخیر اور شفافیت کے فقدان کی وجہ سے شدید تنقید کی زد میںہے جس سے اس کی شفافیت پر سنگین سوالات کھڑے ہوگئے ہیں۔