اسلام آباد: (مانیٹرنگ ڈیسک )کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اسکا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی اور سینئر رہنماﺅں محمد فاروق رحمانی، محمود احمد ساغر اور سید یوسف نسیم نے اسلام آباد میں جاری اپنے بیانات میں کہا کہ بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں، گھروں پر چھاپوں ، بیگناہ لوگوں کی گرفتاری اور مظالم میں تیزی لائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت بھارتی قبضے کو چیلنج کرنے کی پاداش میں کشمیریوںکو بڑے پیمانے پر انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا رہی ہے، حریت رہنماﺅں اور کارکنوں سمیت پانچ ہزار سے زائد کشمیریوں کو جھوٹے مقدمات میں سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے رہنماﺅں نے کہا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ علاقے میں امن قائم کرنے کے اپنے بے بنیاد بیانیے کے ذریعے دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ انہوںنے تحریک آزادی کے عظیم قائد سید علی گیلانی شہید کے گھر پر بھارتی پولیس کے چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کو اپنی منصفانہ جدوجہد جاری رکھنے سے ہرگز نہیں روک سکتا۔